علی ظفر نے بگ بی کو کینوس پر اتارا

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2014
علی ظفر اور امیتابھ بچن اسکیچ تھامے ہوئے — پبلسٹی فوٹو
علی ظفر اور امیتابھ بچن اسکیچ تھامے ہوئے — پبلسٹی فوٹو

معروف پاپ گلوکار اور بولی وڈ اداکار علی ظفر اپنی نئی آنے والی فلم 'کِل دل' کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

انہوں نے فلم کے ساتھی فنکاروں گووندا، پرینتی چوپڑا اور رنویر سنگھ کے ہمراہ امیتابھ بچن کے مقبول ٹی وی کوئز پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی میں شرکت کی اور فلم کے حوالے سے گفتگو کی۔

اس موقع پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی امیتابھ بچن کے مداح ہیں اور آج اپنے پسندیدہ فنکار کے پروگرام میں شرکت کرکے انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

علی ظفر نے بگ بی کو اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ ان کا اسکیچ بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ علی ظفر جتنے اچھے گلوکار اور اداکار ہیں، اس سے زیادہ انہیں پینٹنگ پر عبور حاصل ہے جس کی تربیت انہوں نے این سی اے (نیشنل کالج آف آرٹس) سے حاصل کی۔

`

`

`

`

علی ظفر اپنی فلم کی پروموشن کیلئے ہندوستان کے مختلف شہروں کے دورے کریں گے اور تشہیری شوز میں اپنی آواز کا جادو بھی جگائیں گے۔

خیال رہے کہ یش راج پروڈکشن کی اس فلم کی ہدایات شاد علی نے دی ہیں اور یہ چودہ نومبر کو ریلیز کی جا رہی ہے۔

ایکشن اور رومانوی فلم 'کِل دل' کی کہانی دو جرائم پیشہ افراد رنویر سنگھ اور علی ظفر کے گرد گھومتی ہے جبکہ گووندا دونوں کے باس بھیا جی کا کردار کر رہے ہیں اور پرینیتی چوپڑا کے انداز بھی دیکھنے والوں کو پسند آئیں گے۔

فلم میں ایکشن اور تھرلر دونوں کا تڑکہ شامل ہے، یہ فلم ہولی وڈ کی مشہور سیریز 'کِل بل' سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

پاکستانی اسٹار علی ظفر فلم میں لمبے بال، فرنچ داڑھی اور خوبصورت جسم کے ساتھ اپنے دشمنوں کو خوب ڈرائیں گے۔

علی اس سے پہلے بھی بولی وڈ فلمیں 'میرے برادر کی دلہن' لندن، پیرس، نیویارک'، 'چشم بدور' اور 'ٹوٹل سیاپا' کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں