Nawaz-sharif-AP670
پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ، نوازشریف: فا ئل تصویر اے پی

راولپنڈی: شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس بحالی کی سماعت پندرہ ستمبر تک ملتوی۔ احتساب عدالت نے شریف خاندان کو دوبارہ نوٹس جاری کردیئے۔

شریف برادران کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا ہے پرانے کیسز کھولنے کا کوئی فائدہ نہیں اور ان ریفرنسز کی سماعت غیر معینہ مدت ملتوی کی جائے۔

احتساب عدالت راولپنڈی کے جج عبد الخالق کی عدالت میں شریف برادران کے خلاف نیب ریفرنس کی بحالی کی سماعت کی۔

وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے ان ریفرنسز کی سماعت غیر میعنہ مدت کے لیے  ملتوی کی تھی۔

احتساب عدالت کے جج عبدالخالق نے استفسار کیا کہ کیا حدیبیہ پیپر ملز میں اسحاق ڈار شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنے تھے؟

جس پر اکرم شیخ نے جواب دیا کہ انہیں معلوم نہیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر چوہدری ریاض نے کہا کہ مقدمات غیر معینہ مدت کیلئے نیب نے نہیں عدالت نے ملتوی کیے تھے۔

اکرم شیخ نے  اپنے دلائل میں کہا کہ ہائیکورٹ نے ان ریفرنسز کے خلاف حکم امتناعی دے رکھا ہے۔

خیال رہے کہ شریف خاندان کے کیسز دو ہزارایک میں  ملزمان کے بیرون ملک جانے پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کئے گئے تھے۔

لیکن شریف برادران کے ملک میں واپس لوٹنے کے بعد احتساب عدالت نے ایک بار پھر مقدمات کی سماعت شروع کی تھی جو سنہ دو ہزار دس میں ایک بار پھر غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔

اس کے علاوہ اٹھارہ جولائی کو احتساب عدالت نے نیب سے میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے تین ریفرنسز سے متعلق ریکارڈ طلب کرتے ہوئے نواز شریف اور شہباز شریف کو اٹھائیس جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں