لاہور ہائی کورٹ۔ فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ (ایل ایچ سی) نے چاروں صوبوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ یکساں کرنے کا حکم  دے دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے آج سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی درخواست کی سماعت کی۔

سماعات کے دوران چیف جسٹس نے قرار دیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملہ پر کسی بھی صوبہ سے امتیازی سلوک نہ کیا جائے اور مساوی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کی جائے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ دوسرے صوبوں میں پنجاب سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے اس کے برعکس پنجاب کے مقابلے میں دوسرے صوبوں میں وصولی کم ہے۔ اس کے باوجود پنجاب سے امتیازی سلوک جاری ہے۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کے چئیرمین ندیم افضل چن کا بجلی کی غیر مساوی لوڈشیڈنگ کے معاملہ پر مستعفی ہونے کی دھمکی بھی امتیازی سلوک کا  اہم ثبوت ہے۔

عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت ،وزارت پانی وبجلی اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو سات اگست تک نوٹسز جاری کردیئے۔

عدالت نے پیپکو سے وی وی آئی پیز کی لوڈ شیڈنگ کا طریقہ بھی طلب کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں