صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی محمد مجتبیٰ کراچی ایئرپورٹ پر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ ۔ اے پی تصویر

کراچی: تاوان کی ادائیگی کے بعد صومالی قزاقوں کی قید سے رہائی پانے والے سات پاکستانی کراچی پہنچ گئے، جن کا کراچی ائیر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔

جمعرات کے روز سات پاکستانیوں کے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اورمتاثرہ اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے اور رہائی پانے والے افراد نے وطن واپس پہنچنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

ایم وی ایلبیڈو نامی بحری جہاز کے عملے کو تقریباً ایک سال نو ماہ پہلے صومالی قزاقوں نے یرغمال بنایا تھا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں کو بتایا تھا کہ تمام پاکستانی یرغمال صومالی قزاقوں کی قید سے رہائی کے بعد اب محفوظ مقام پر ہیں اور وہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں پاکستان آجائیں گے۔ اس خبر کے بعد یرغمال پاکستانیوں کے اہلِ خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔

ان پاکستانیوں کوچھبیس نومبر دوہزار دس میں صومالی ساحل سے نو سو ناٹیکل میل کے فاصلے پرگرفتار کرکے  یرغمال بنایا گیاتھا۔

رہائی پانے والے افراد اور ان کے اہلخانہ کو گورنر ہاؤس  بھی لیجایا گیا جہاں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ، وزراء اور سیاسی شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر رہائی پانے والے افراد کے اہلخانہ کی خوشی دیدنی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے ان کی عید ہو گئی۔

رہائی پانے والے افراد نے اپنی رہائی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر حکومت اور دیگر شخصیات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں