صدر آصف علی زرداری۔ -- فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قانون سازی پہ صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور اس اختیار پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منگل کے روز پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجوعی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ قانون سازی پہ صرف پارلیمنٹ کا اخیتار ہے اور منتخب پارلیمنٹ کے علاوہ قانون سازی کے نئے مراکز کی بھرپور مخالفت کی جائیگی۔ صدر نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو ہدایت کی کہ آئندہ انتخابات کیلیے تیاری شروع کردیں۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر کا کہنا تھا کہ آئندہ عام اتنخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے،

انہوں نے کہا کہ اپنی پالیسوں کی توثیق کے لیے عوام کے پاس جانے سے نہیں جھجھکتے، پیپلزپارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انتخابی فہرستیں غلطیوں سے پاک ہونی چاہئیں اور کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست سے خارج نہیں ہونا چاہئے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے آئینی و قانونی صورتحال پر جبکہ وزیر پانی وبجلی چوہدری احمد مختار نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور توانائی بحران پر اجلاس کو بریفنگ دی۔

تبصرے (0) بند ہیں