ایم کیوایم کے رہنما، فاروق ستار۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور: متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو آل پارتیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم پی ٹی آئی کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وہ کوئی بھی فیصلہ اپنی پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشورے کے بعد کریں گے۔

منگل کے روز متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے پارٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی اور وائس چیرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کا کہنا تھا کہ ملک کو داخلی اور خارجی خطرات کا سامنا ہے۔ تحریک انصاف نے ڈاکٹر فاروق ستار کے موقف کی تائید کرتے ہوئے قومی امور پر سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے پر زور دیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے روابط کا مقصد مجوزہ گول میز کانفرنس کے لیے تمام  جماعتوں کو یکجا کر کے مسائل  کا حل ڈھونڈنا ہے۔

تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملک پر خوف کا سایہ ہے۔ تحریک انصاف الیکشن  تنہا ہی لڑے گی لیکن ملکی بحرانوں سے نجات کے لیے سیاسی جماعتوں سے گفتگو کرنے کے لیے تیار ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ ایم کیو ایم کا موقف پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھیں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے وفد نے عمران خان اور تحریک انصاف کے وفد کو نائن زیرہ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

تبصرے (0) بند ہیں