نواب اکبر بگٹی کو دو ہزار چھ میں ایک فوجی آپریشن میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ - فوٹو فائل

سبی: بلوچستان کی ایک عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت سات ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

مشرف کے علاوہ جن شخصیات کے وارنٹ جاری ہوئے ہیں ان میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق وزیراعلٰی بلوچستان جام محمد یوسف بھی شامل ہیں۔

آج بدھ کے روزسبی میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت میں بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی تفصیلی سماعت ہوئی۔

واضح رہے کہ عدالت اکبر بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبربگٹی کی درخواست پر اس کیس کی سماعت کررہی ہے۔

نواب اکبر بگٹی کو چھبیس اگست دو ہزار چھ میں ایک فوجی آپریشن کے دوران مار دیا گیا تھا۔

بعدازاں، ان کے بڑے صاحبزادے نے ایک ایف آئی آر درج کرائی جس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، اس وقت کے گورنر بلوچستان اویس غنی، وزیر خارجہ آفتاب شیر پاؤ، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف اور صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

گذشتہ مہینےعدالت نے ایف آئی آر میں نامزد تمام افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور مزید سماعت کیلیے پندرہ اگست کی تاریخ مقرر کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں