کالعدم انتہا پسند گروپ کے سربراہ ملک اسحاق۔— فائل فوٹو

لاہور پولیس نے جمعرات کو کالعدم انتہا پسند گروپ کے سربراہ کو سعودی عرب سے ان کی واپسی پر گرفتار کرلیا تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، رواں ماہ کے اوائل میں لاہور میں ایک مذہبی اجتماع کے دوران فرقہ وارانہ منافرت کو پھیلانے کی غرض سے اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔

ڈان نیوز کے مطابق، پولیس نے آج انہیں ماڈل ٹاون کچہری کے جوڈیشل میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھجوادیا۔

حکومت نے ان کی نقل و حرکت پربھی پابندی عائد کر رکھی تھی تاہم اس کے باوجود وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے۔

لشکر جھنگوی پاکستان کا سنی انتہا پسند گروپ تصور کیا جاتا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے ایک دہائی سے زائد عرصہ قبل اس گروپ کو کالعدم قراردیا گیا تھا۔

نوے کی دہائی کے اوائل میں اپنے قیام کے بعد سے اس گروپ پر سینکڑوں اقلیتی شیعہ مسلمانوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

اسحاق کو1997ء میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف درجنوں کیسز قائم ہیں جن میں زیادہ قتل کے مقدمات شامل ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں تقریباً چودہ سال جیل کاٹنے کے بعد ان کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی تھی۔

اسحاق پرجیل سے 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Babar Sep 02, 2012 09:31am
jab is nay shia qatal ko khud adalat may tasleem kia hay tu is ko kaisay rehai milli????