چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ۔ فوٹو آن لائن

کوئٹہ: چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے بلوچستان میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کا شکار بننے والوں کی فہرست طلب کرلی ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیر کے روز بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی پولیس سے استفسار کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں لوگ مارے جارہے ہیں اور ایسے حالات میں پولیس کہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا: پولیس احکامات کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور صورتحال یہ ہے کہ ایک سیشن جج کو اس کے محافظ سمیت قتل کردیا گیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس وقت پولیس کہاں تھی گزشتہ روز کوئٹہ میں سات لوگوں کو ماردیا گیا اور بولان میں شناخت کے بعد لوگ قتل کردیئے گئے۔

اس موقع پرانہوں نےآئی جی پولیس کو حکم دیا کہ چھ ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کا شکار بننے والوں کی لسٹ بنا کر پیش کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کی گاڑیاں چل رہی ہیں اور لوگ سرعام اسلحہ لیکر چلتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں