کشتی کراچی کے ساحلی علاقے سے روانہ ہوئی تھی۔ فائل فوٹو

کراچی: ابراہیم حیدری کے کھلے سمندر میں رات گئے ماہی گیروں کی کشتی الٹنے سے گیارہ ماہی گیر ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق کشتی پر 37 افراد سوار تھے جن میں سے پندرہ ماہی گیروں کو زندہ بچا لیا ہے جبکہ گیارہ کی لاشیں نکال لی ہیں، دیگر لاپتہ ماہی گیر وں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

صوبائی وزیر فشریز زاہد بھرگھڑی کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اب تک گیارہ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ بقیہ کی تلاش کا کام جاری ہے ۔

دوسری جانب ابراہیم حیدری کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد اپنی مدد آپ کے تحت کشتیوں پر ماہی گیروں کی تلاش میں نکل پڑی کیونکہ اس وقت تک کوسٹ گارڈ یا میری ٹائم ایجنسی مدد کے لیے نہیں پہنچی تھی۔

کشتی کے کپتان اور احمد اور مالک عمر نے بتایا کہ کشتی پر 37 ماہی گیر سوار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کا نام پتا درج نہیں کیا گیا تھا اور صرف زبانی طور پر گنتی کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کشتی ابراہیم حیدری سے گہرے سمندر میں داخل ہوتے ہی اونچی لہروں کا شکار ہو کر الٹ گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اطراف میں اور بھی کشتیاں موجود ہونے کی وجہ سے پندرہ افراد کو زندہ بچالیا گیا جبکہ بقیہ افراد کو بچانے کی کوشش ناکام رہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں