پی ٹی اے نے یو ٹیوب پر 650 متنازع لنکس بھی بلاک کر دیے ہیں۔ فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر اعظم پاکستان راجا پرویز اشرف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو یوٹیوب کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک یوٹیوب گستاخانہ مواد کی حامل فلم نہیں ہٹائے گا اس وقت تک پابندی برقرار رکھی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ صدر اور وزیراعظم نے گستاخانہ فلم پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یوٹیوب بلاک کردی گئی ہے جبکہ چیئرمین او آئی سی کو بھی اس حوالے سے خط لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گستاخانہ فلم کی شدید مذمت کرتی ہے اور سیکریٹری انٹرپول کو گستاخانہ فلم کے بارے میں خط بھی لکھا ہے جس میں اسلام مخالف مواد کو بلاک کرنے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے علما سے احتجاج آٹھ دن کیلیے موخر کرنے کی بھی اپیل کی۔

اس سے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے نو سو چونتیس اسلام مخالف اور توہین آمیز ویب سائٹس بلا ک کر دی تھیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ترجمان کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر اسلام مخالف ویب سائٹس بلاک کی گئیں۔ اتھارٹی اس سے قبل یو ٹیوب پر چھ سو پچاس متنازع لنکس بھی بلاک کرچکی ہے۔

پی ٹی اے نے اسلام مخالف لنکس کی ایک فہرست فیس بک کو بھی بھجوا دی ہے اور انہیں بلاک کرنے کی درخواست کی ہے۔

ادارے کے  حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر اسلام مخالف لنکس نے ملک بھر میں بد امنی کو فروغ دیا اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی قسم کی اسلام مخالف ویب سائٹس یا لنکس سے متعلق پی ٹی اے کو معلومات فراہم کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

محمد عارف Sep 18, 2012 02:54am
یو ٹیوب بند کی اچھا نہیں بلکہ بہت اچھا کیا ۔ لیکن یہ تو ایسا ہی ہے جیسا کہ کبوتر بلی کو دیکھ کر آنکھیں بند کر لے ۔ کرنا ہے تو ان سے تعلق بند کرو ۔ کرنا ہے تو ان سے ملعون کا تقاضا کرو جس طرح وہ آپ لوگوں سے آپنے لوگوں کا تقاضا کرتا ہے ۔اور آپ لوگ ان کے مطلوبہ لوگوں کو اس کے گھر چھوڑ آتے ہیں ۔