آگ بجھانے کےعمل میں پاک فضائیہ اور شہرکے تمام فائر بریگیڈز شامل ہیں۔ فائل فوٹو

کراچی: کراچی کے علاقے شیر شاہ میں  آئل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر دس گھنٹے گزر جانے کے باوجود قابو نہیں پایا جاسکاہے ۔ آگ کو حکام نے تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے۔

آگ بجھانے کےعمل میں پاک فضائیہ اور شہرکے تمام فائر بریگیڈز شامل ہیں ۔ جبکہ اطراف کی فیکٹریوں کو بھی خالی کرانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب شیرشاہ میں پراچہ چوک کے قریب کوکنگ آئل مل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مل انتظامیہ کے مطابق آگ فلنگ ڈپارٹمنٹ میں لگی تاہم وہاں کوئی عملہ موجود نہیں تھا۔

فائر برگیڈ نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر بھر کے فائر ٹینڈرز طلب کر لیے جبکہ سائٹ انڈسٹریل ایریا اور پی اے ایف نے بھی اپنے فائر ٹینڈرز بھیج دیئے ہیں۔

آگ کی شدت دیکھتے ہوئے گورنر سندگ ڈاکٹر عشرت العباد نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کو تمام وسائل بروکار لا کر آگ پر قابو پانے کی ہدایت جاری کیں۔

جبکہ ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کراچی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا تھا کہ آگ کے بجھانے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔

مل کے بڑے حصے میں دھواں بھر جانے والے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دھویں کے باعث آگ بجھانے کے دوران  دو فائر فائٹرز  متاثر ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں