امریکی فلمساز کے قاتل کو ایک لاکھ ڈالر انعام دوں گا، بلور۔ فائل فوٹو

پشاور: پاکستانی وفاقی کابینہ کے رکن اور وزیرِ ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے دل آزار امریکی فلم کے خالق کو گستاخِ رسول قرار دیتے ہوئے اسے قتل کرنے والے کو بھاری انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

 خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاورمیں سنیچرکوایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلورنے اعلان کیا کہ وہ دل آزار فلم کے خالق کو قتل کرنے والے شخص کو ایک لاکھ امریکی ڈالر انعام میں دیں گے۔

 اُن کا کہنا تھا کہ گستاخِ رسول کو اگر طالبان اور القاعدہ والے بھی کیفرِ کردار کو پہنچائیں گے تو وہ انعام کی رقم انہیں دیں گے۔

 بلور کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ صاحب حیثیت لوگ گستاخ رسول کو قتل کرنے والے کے لیے بڑے انعامات کا اعلان کریں۔

 وفاقی وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا اگر قتل پراکسانا جرم ہے تو وہ اس جرم کے لیے تیار ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگر اس جرم پر کوئی انہیں عالمی عدالت سے سزا دلوانا چاہے تو وہ بخوشی تختہ دار سے لٹک کر نعرہ تکبیر لگائیں گے۔

 واضح رہے کہ بلورکا تعلق پشاور کے قدیم کاروباری گھرانے سے ہے۔ ان کے بھائی بھی پارلیمنٹ کے رکن اور سرگرم کاروباری شخصیت ہیں۔

 گزشتہ روز امریکی فلم کے خلاف احتجاج کے دوران پشاور میں تین سنیماؤں کو نذرِ آتش کردیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سنیما بلور خاندان کی ملکیت تھے۔

 قاتل کے لیے بھاری انعام کا اعلان کرنے والے وفاقی وزیرکا سیاسی تعلق ترقی پسند اور بائیں بازو کی حامی سمجھی جانے والی حکومت کی اتحادی عوامی نیشنل پارٹی سے ہے۔

  صوبہ خیبر پختونخواہ میں اسی جماعت کی حکومت ہے۔

 گزشتہ کئی برسوں سے خیبر پختونخواہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ ان کی جماعت طالبان اورالقاعدہ کو دہشت گرد قرار دیتی ہے۔

دل آزار فلم کے خلاف پشاور میں گزشتہ ہفتے سے احتجاج کی لہر جاری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

ابراہیم خلیل Sep 24, 2012 03:12pm
شکر ہے بلور نے کوئی تو اچھا کام کیا.
Ch.Muhammad Siddiq Dec 30, 2012 03:24pm
Excellent and Well done Blour sb.