ہفتہ کو خراب موسم کی وجہ سے ہمبنٹوٹا اور کولمبو میں دو اہم مقابلے متاثر ہوئے۔— اے پی فوٹو

کولمبو: بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے  ایسے وقت میں عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے شیڈول کا دفاع کیا ہے جب مون سون کی بارشوں سے ایونٹ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

آئی سی سی کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ رواں سال اس ٹورنامنٹ کے لیے صرف یہی عرصہ دستیاب تھا اور تمام ٹیمیں اس سے آگاہ تھیں۔

ہر دو سال کے بعد منعقد ہونے والا یہ ایونٹ پہلی مرتبہ سری لنکا میں ہو رہا ہے جہاں برسات کا روایتی موسم شروع ہوچکا ہے۔

اٹھارہ ستمبر سے سات اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے پہلے چار روز بارشوں سے محفوظ رہے تاہم ہفتہ کو خراب موسم کی وجہ سے ہمبنٹوٹا اور کولمبو میں دو اہم مقابلے متاثر ہوئے۔

جنوبی ساحلی علاقے ہمبنٹوٹا میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان میچ سات اوورز تک محدود کر دیا گیا جو پروٹیز نے بتیس رنز سے جیت لیا۔

کولمبو میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو ڈرک ورتھ لیوس طریقہ کار کے تحت سترہ رنز سے شکست دی۔

ٹورنامنٹ کے باقی عرصہ میں بھی شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

سری لنکا میں ماہر موسمیات نے اے ایف پی کو بتایا کہ 'مغربی ، جنوبی اور وسطی صوبوں میں وقفے وقفے سے جبکہ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں مزید بارشیں شروع ہو جائیں گی'۔

'کولمبو میں کسی بھی وقت بارش شروع ہو سکتی ہے  خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں'۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے 1982 میں مکمل کھیل کا درجہ ملنے کے بعد سے اب تک اکتوبر میں صرف ایک ہی سیریز کی میزبانی کی ہے۔

دو ہزار نو میں چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل بھی دو روز کی بارشوں سے متاثر ہوا تھا۔ جس کے بعد انتظامیہ ہندوستان اور سری لنکا کو مشترکہ طور پر اعزاز دینے پرمجبور ہوئی تھی۔

عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کا سپر ایٹ مرحلہ آئندہ جمعرات کو شروع ہوگا۔ سیمی فائنل چار اور پانچ اکتوبرکو جبکہ فائنل سات اکتوبر کو ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں