لاڑکانہ کے ایک ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے نوٹس لے لیا ہے ۔ اے پی پی فوٹو

لاڑکانہ: چانڈکا میڈیکل کالج ہسپتال کے شعبہ زچہ بچہ میں گزشتہ بارہ گھنٹوں کے درمیان نو نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعات سامنے آنے پر گورنر، وزیرِ اعلیٰ اورصوبائی وزیرِ صحت نے تحقیات کا حکم دیا ہے۔

ہسپتال ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا سبب بظاہر غفلت، غیر ذمہ داری اور سہولتوں کے فقدان کو ٹھہرایا ہے۔

لاڑکانہ میں سنیچر کوایک  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ پروفیسر افسر بھٹو، بچوں کے شعبے کے سربراہ پروفیسر سیف اللہ جامڑو اور لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ نومولود بچوں کی ہلاکتوں سے متعلق ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو بھیج دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی تین دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ کی روشنی میں وجوہات کا تعین ہونے کے بعد ایسے اقدامات کرنے کی کوشش کی جائے گی جس سے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

ڈپنٹی کمشنر نے واضح کیا کہ واقعے کے متعلق تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفدتے کے اندر سندھ حکومت کو بھیج دی جائے گی۔

چانڈکا میڈیکل ہسپتال کے ریزیڈنٹ میڈیکل افسر ڈاکٹر عبدالستار شیخ کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کی ہلاکتوں کا سبب زچگی کی پیچیدگیاں ہوسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا قبل از وقت پیدائش، اور کم وزن بھی اموات کی وجوہات میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر ستار کے مطابق ہسپتال چالیس بستروں پر مشتمل ہے لیکن ایک سو ساٹھ مریض داخل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'کیس کے نوعیت کے باعث ہم دور دراز سے ہسپتال پہنچنے والے کسی بھی مریض کو داخل کرنے سے  انکار نہیں کرسکتے۔'

انہوں نے مزید کہا کہ 'اسٹاف میں کمی اور مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب اموات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ گنجائش نہ ہونے کے باعث ایک بیڈ پر پانچ پانچ مریض لیٹےہوئے ہیں۔ اس طرح کراس انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

علاوہ ازیں، چانڈکا ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکتوں پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیات کے بعد رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی سیکریٹری صحت سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹر یا عملے کی غفلت پائی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے بھی تحقیات کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فیروزمیمن کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں