خالد جدون کو پولیس لے جاتے ہوئے۔ رائٹرز فوٹو

اسلام آباد: رمشا مسیح کیس میں گرفتار امام مسجد ملزم خالد جدون نے جمعے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت سے متعلق درخواست دائر کردی ہے۔

رمشا مسیح کیس میں گرفتار خالد جدون نے واجد گیلانی ایڈوکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالت عالیہ واضح حکم دے کہ حکم امتناعی کا اطلاق درخواست ضمانت پر بھی ہے۔

 درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض کیا گیا کہ رمشا کیس کی ایف آئی آر خارج کرنے کی درخواست پر خالد جدون فریق نہیں ہیں جس پر وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی کی وجہ سے ان کے مؤکل کی ضمانت نہیں ہوئی اور وہ درخواست کی سماعت کے دوران عدالت میں یہ اعتراض دور کردیں گے۔

 یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹرائل کورٹ نے خالد جدون کی درخواست ضمانت پر وکلاء سے ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کی وضاحت طلب کی تھی۔

 واضح رہے کہ پولیس نے یکم ستمبر کو خالد جدون کو رمشا مسیح کے خلاف ثبوتوں کو تبدیل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

 اسلام آباد کے نواحی گاؤں کی رہائشی رمشا کو سولہ جولائی کو پولیس نے توہین مذہب کے قانون کے تحت گرفتار کیا تھا۔

 آٹھ ستمبر رہائی کے بعد رمشا کو سخت حفاظتی نگرانی میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں