مسلم لیگ ن کے رہنماء چوہدری نثار علی۔ فوٹو آن لائن

اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے جمعے کو بلوچستان کے مسئلے پر کل جماعتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ بلوچستان پر تشکیل دیے جانے والے کل جماعتی کمیشن میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کیا جائے اور ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔

 انہوں نے یوسف رضا گیلانی کے بیان کی تائید کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کا فیصلہ سازی کے عمل میں کوئی کردار نہیں ہے۔

 چوہدری نثار نے کہا کہ زرداری حکومت نے تمام اداروں کو پامال کردیا ہے۔

 واضح رہے کہ دو اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے کہا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ سنگین نوعیت کا ہے اور صوبے میں صاف شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے رکاوٹیں دور کی جائیں۔

 سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ لاپتہ افراد پاکستانی ہیں اور ان کیلئے آواز بلند کرنا چاہیئے۔

 یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو ہزار چار کے بعد سے اب تک بلوچستان میں کئ سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں گمشدہ ہیں جس کا الزام حساس اداروں پر عائد کیا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں