ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار باون ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔ اے ایف پی فوٹو

راولپنڈی:انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے یوم عشق رسول کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار باون ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔

 اکیس ستمبر کو یوم عشق رسول کے موقع پر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

 اس موقع پر وفاقی پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور چالان مکمل کرنے کیلئے مہلت چاہیئے لہٰذا کچھ مزید وقت دیا جائے جس پر فاضل عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ اکتوبر تک توسیع کر دی۔

 واضح رہے کہ وفاقی پولیس نے یوم عشق رسول کے موقع پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں ملزمان کو تھانہ سبزی منڈی، تھانہ پیرودھائی، تھانہ آبپارہ اور تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود سے گرفتار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں