ایک ہندوستانی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی امپائر بھی مبینہ طور پر میچ فکسنگ میں ملوث رہے ہیں۔ رائٹرز تصویر

کراچی: ایک پرائیوٹ ہندوستانی ٹی وی چینل نے پیر کے روز نے اپنی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا کے امپائر بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔

انڈیا ٹی وی نامی ایک ہندوستانی ٹی وی چینل پر نشر کردہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی امپائر ندیم غوری اور انیس صدیقی، بنگلہ دیشی امپائر نادر شاہ، سری لنکن امپائرگامینی دیسانائکے، مورس ونسٹن اور سگارا گلاگے بھی ان میں شامل ہیں جنہوں نے رقم کے بدلے اہم معلومات کا انکشاف کیا اور امپائرنگ کے فیصلے بھی فکس کئے۔

پیر کو دیر گئے تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، آئی سی سی نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ٹی وی چینلز سے اپنے کسی آفیشل کے اس کرپشن میں ملوث ہونے کے ثبوت طلب کئے ہیں۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا  ہے کہ انڈیا ٹی وی سے آئی سی سی اور ان کے آفیشلز کے علم  میں یہ بات آئی اور اس کے بعد شام میں ٹی وی چینل سے رابطہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں تفتیش کیلئے کونسل کی مدد کرے۔

" آئی سی سی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ جن امپائر کے نام لئے گئے ہیں انہوں نے سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لیا تھا۔ "

رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل میں شامل ایک پاکستانی امپائر ندیم غوری ہرطرح سے ہندوستانی ٹیم کی مدد کے لئے راضی ہوگئے تھے۔ انہوں نے رقم کے بدلے امپائرنگ کے دوران ہر کھلاڑی کی ہرطرح سے مدد کا وعدہ بھی کیا۔

سابق پاکستانی کرکٹر ندیم غوری پانچ ٹیسٹ میچ، چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور تینتالیس ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے  سن دوہزار میں اپنے امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

دوسری جانب انیس صدیقی کے متعلق بھی کہا گیا ہے کہ وہ رقم کے بدلے ہندوستانی ٹیم کو فیور دینے پر آمادہ تھے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے پس پردہ رہنے والے ہندوستانی رپورٹر سے کہا کہ وہ ساری رقم بلیک میں چاہتے ہیں اور انہوں نے وعدہ بھی کیا کہ وہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کو ہندوستان کے حق میں جانے والے فیصلے قبول کرنے پر قائل کرلیں گے۔

انیس صدیقی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایلیٹ پینل سے وابستہ ہیں اور دوہزار آٹھ سے امپائرنگ کررہے ہیں۔

رپورٹ مزید کہتی ہے کہ سری لنکن امپائر گلاگے پچ، ٹاس، ٹیم شیٹس اور دیگر اہم معلومات فراہم کرنے کیلئے راضی تھے۔ وہ یہ معلومات سری لنکن پریمیئر لیگ کے فائنل کیلئے فراہم کرنے آمادہ تھے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پچاس ہزار روپے کے بدلے سگارا میچ کی پچ رپورٹ ، ٹاس کی رپورٹ اور کھلائے جانے والے گیارہویں کھلاڑی تک کی رپورٹ دینے کی حامی بھرے بیٹھے تھے۔

رپورٹ کے مطابق، سری لنکن امپائر، حالیہ ٹی ٹوئنٹی میچ کے وارم اپ میچ میں پاکستان اور انڈیا کے آفیشل پینل کا حصہ تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں