Islamabad- National Assembly - Interior - 670
صدارت قومی اسمبلی ۔—اے پی پی فوٹو

اسلام آباد: تین سال کے لڑائی جھگڑے کے بعد پیر کے روز قومی اسمبلی میں حکومت نے نیا احتساب بل پیش کردیا۔ اس کا پہلا مقصد ایک آزاد احتساب کمیشن بنانا ہے تاکہ عوامی عہدیداروں کی کرپشن کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے اور دوسرا مقصد قومی سلامتی کے لیئے جدید الات کا استعمال کرکے دہشت گردی اور جرائم کی تحقیقات کا استعمال کا حق حاصل کرنا ہے۔

قومی اسمبلی میں دو بل پیش کیئے گئے جن پر مسلم لیگ نون اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایک ممبر نے سخت تنقید کی۔

قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے احتساب کمیشن بل دو ہزار بارہ کے تحت احتساب کمیشن  کا سربراہ سپریم کورٹ کا ریٹائرڈ جج یا گریڈ بائیس کا افسر ہوگا۔

احتساب کمیشن بل دو ہزار بارہ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا۔

مجوزہ قانون کے مطابق قومی احتساب کمیشن کا سربراہ ڈائریکٹر جنرل کہلائے گا اور احتساب بل کو منظوری کے بعد دوہزار دو سے نافذ العمل سمجھا جائے گا۔

ایوان میں مسلم لیگ ن کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ان کی  سفارشات بل میں شامل نہیں کی گئیں۔ جبکہ اے این پی کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت نے اس معاملے پر انھیں اعتماد میں نہیں لیا۔

وفاقی وزیرخورشید شاہ نے اپوزیشن کی رائے کو اہمیت دینے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کرتے ہوئے معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری طرف سینٹ کے اجلاس میں دوہری شہریت پر بیان دیتے ہوئے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت پردوبارہ حلف نامے بھروانا سینیٹ سیکرٹریٹ کا کام نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہو۔

جبکہ چیئرمین سینٹ  نیئر بخاری نے کہا ہے کہ اس کی الیکشن کمیشن  کارروائی کرے اور سینٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو  ملوث نہ کرے۔

ایوان بالا کے اجلاس میں گستخانہ فلم کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جو سینیٹر اسحاق ڈار نے پیش کی ۔ تاہم فئیر ٹرائل پر فوری طور پر کوئی اختلاف نہیں ہوا۔

فئیرٹرائل بل کے تحت ای میل ،ڈاک اوردیگر مواصلاتی مواد بھی بطور شواہد استعمال ہوں گے۔

ای میلز، ایس ایم ایس، فون کالز اور صوتی اور تصویری ریکارڈنگ بھی قابل قبول ثبوت قرار دیئے جائیں گے جبکہ مشتبہ افراد کو سیشن اور ڈسٹرکٹ کورٹ جج کی طرف سے وارنٹ جاری کے بعد چھ مہینے تک تحویل میں رکھا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں