سابق وزیر ڈاکٹر شیر افگن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔— فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کے سینیئر سیاست دان ڈاکٹر شیر افگن نیازی جمعرات کو میانوالی میں انتقال کر گئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر گزشتہ چھ ماہ سے جگر کے سرطان میں مبتلا تھے۔

وہ سابق فوجی سربراہ جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں پارلمینی امور کے وفاقی وزیر بھی رہ چکے تھے۔

تاہم انہوں نے اختلافات کی وجہ گزشتہ سال بطور سینیئر نائب صدر آل پاکستان مسلم لیگ کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

یکم جنوری انیس سو چھیالیس میں میانوالی میں پیدا ہونے والے افگن نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی سے کیا تھا۔

انیس سو چھیاسٹھ میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے عملی سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔

وہ انیس سو اناسی سے انیس سو چھیاسی تک میانوالی کے ضلع کونسل کے ممبر رہے جبکہ انیس سو پچاسی، انیس سو اٹھاسی اور انیس سو ترانوے میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

ڈاکٹر افگن اپنی سیاسی زندگی میں پارلیمانی امور، قانون اور  انسانی حقوق کے وزیر بھی رہے۔

وہ سن دو ہزار میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی رکنیت سے مستعفی ہوکر  پیپلز پارٹی پیٹریاٹ میں شامل ہوگئے جو بعد میں قاف لیگ میں ضم ہوگئی۔

سابق صدر پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کے قیام کا اعلان کیا تو وہ اس میں شامل ہوگئے تاہم کچھ عرصے بعد اسے بھی خیرباد کہہ دیا۔

ڈاکٹر شیر افگن  کو ماہر آئین بھی کہا جاتا تھا جس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ انہیں آئین کی تمام شقیں ازبر تھیں ۔

مشرف نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ملک کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آل پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں پارٹی کے صدر پرویز مشرف نے سابق وفاقی وزیر کے انتقال پر افسوس  کا اظہار کرتے ہوئے ٹیلیفون پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں