ممبئی حملوں میں نشانہ بنائے گئے ہوٹل کی تصویر۔ فائل فوٹو

ممبئی: ہندوستانی پولیس نے ممبئی حملوں مبینہ ماسٹر مائنڈ کیخلاف چارج شیٹ فائل کرلی ہے۔ مذکورہ حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس کے جوائنٹ کمشنر ہیمانشو رائے نے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس افسران نے مقامی کورٹ میں جون میں حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے اہم ملزم زبی الدین انصاری کیخلاف مقامی عدالت میں متعدد دستاویزات فائل کی ہیں۔

انہوں نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ چودہ ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں 1783 گواہوں اور حملوں کے الزام میں مطلوب 47 ملزمان کے نام شامل ہیں۔

ابو حمزہ اور ابو جندل کے نام سے مشہور زبی الدین انصاری ہندوستان میں پیدا ہوئے تاہم ان پرپاکستانی عسکریت پسند گروپ لشکر طیبہ کا رکن ہونے کا الزام ہے، انہیں 21 جون کو مشرق وسطیٰ سے واپسی پر دہلی ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔

ان پر نومبر 2008 میں حملہ کرنے والے دس دہشت گردوں کو پاسکتان کے شہر کراچی سے ٹیلیفون پر ہدایات دینے کا بھی الزام ہے۔

مسلح دہشت گردوں نے حملے میں ممبئی شہر سمیت وہاں کے  ایک پرتعیش ہوٹل، ایک یہودی عبادت گاہ، اسپتال اور مصروف ٹرین اسٹیشن کو نشانہ بنایا تھا۔

تیس سالہ انصاری پر ان مسلح افراد کو ہندی سکھانے کا بھی الزام عائد ہے، ان حملہ آوروں میں زندہ بچنے والے واحد شخص اجمل قصاب کو حملوں کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ انصاری نے تفتیش کے دوران ممبئی حملوں میں کردار ادا کرنے کا الزام قبول کر لیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں