ہفتہ کے روز لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ستر ہزار سے زائد افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا لیا۔ -- اے ایف پی فوٹو

لاہور: پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ستر ہزار سے زائد افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ تقریب میں ثقافتی رقص بھی پیش کیے گئے۔

ہفتہ کے روز لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ستر ہزار سے زائد افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا لیا۔

 اسٹیڈیم لوگوں سے کھچا کچھ بھرا ہوا تھا جن میں خواتین بچوں اور بوڑھے افراد کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر لوگوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی تھا اور اسٹیڈیم میں ہر طرف قومی پرچم لہرا رہے تھے۔

 اس موقع پر مشعل روشن کر کے اسے پورے اسٹیڈیم میں گھمایا گیا اور پنجاب کا ثقافتی رقص بھی پیش کیا گیا۔

 سب سے زیادہ افراد کا یک زبان ہو کر قومی ترانہ پڑھنے کا ریکارڈ اس سے پہلے ہندوستان کے پاس تھا جب پچیس جنوری دو ہزار بارہ کو ہندوستان کے ساٹھویں یوم جمہوریہ پر اورنگ آباد میں پندرہ ہزار دو سو تینتالیس افراد نےہندوستان کا قومی ترانہ "جانہ مانا گانا" پڑھا۔

 ہندوستان سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے پاس تھا جب چودہ اگست دو ہزار گیارہ کو ملک کے چونسٹھویں یوم آزادی پر پانچ ہزار آٹھ سو افراد نے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ یہ ریکارڈ کراچی کے ڈیفنس اسٹیڈیم میں قائم کیا گیا تھا۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے پہلے سب سے زیادہ افراد کا قومی ترانہ پڑھنے کا ریکاڈر ہندوستان کے ہی پاس تھا لیکن پاکستان کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ ریکارڈ بناتے وقت قومی ترانہ نہیں بلکہ بندے ماترم پڑھا گیا جو ہندوستان کا قومی ترانہ نہیں جس کے بعد یہ ریکارڈ حزف کر دیا گیا تھا۔

 یکم ستمبر دو ہزار نو کو فلیپائن میں پانچ ہزار دو سو اڑتالیس افراد نے یک زبان ہو کر قومی ترانہ پڑھ کر گینیس بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ بنائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں