اطلاعات کے مطابق وزارت پٹرولیم نے قومی اسمبلی کی قرارداد اور قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی مخالفت کی ہے۔ فائل تصویر

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے طریقہ کار پر نظرثانی کی سمری وزارت پٹرولیم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو ارسال کردی ہے۔

اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی قرارداد اور قائمہ کمیٹی کی سفارشات بھی ای سی سی کو بھجوائی گئی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے قومی اسمبلی کی قرارداد اور قائمہ کمیٹی  کی سفارشات کی مخالفت  کی ہے۔

 واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے ہفتہ وار طریقہ کار ختم اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اکتیس جولائی کی سطح پر بحال کرنے کی تین مرتبہ سفارش کی تھی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے ہفتہ وار طریقہ کار کے مخالفین اوگرا اور وزارت خزانہ سے نظرثانی  کی سمری پر رائے نہیں لی گئی۔

 وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق وہ اقتصادی رابطہ کمیٹی  کے اجلاس میں ہفتہ وار قیمتوں کے سلسلہ کو  جاری رکھنے کیلیے کوشش کریں گے۔

 دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس  میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے  صدر غیاث پراچہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر سی این جی مہنگی کرنے سے متعلق وزارت پٹرولیم کی سمری منظور کرلی گئی تو چونتیس روپے اضافے کے ساتھ  سی این جی کی نئی قیمت ایک سو اٹھائیس روپے فی کلو ہو جائے گی۔

 سی این جی مالکان نے گیس کی قیمت پٹرول کی قیمت کے اسی فیصد  برابر کرنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں