سی این جی اسٹیشن۔ فائل فوٹو آن لائن

اسلام آباد: اوگرا نے سی این جی اسٹیشنز کے اخراجات اور منافع کا آڈٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن نے زبردستی نقصان پر گیس بیچنے پر وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو قانونی نوٹس جاری کردیا ہے۔

ڈان نیوز کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق اوگرا نے آڈٹ کیلئے رجسٹرڈ فرموں سے پیشکشیں طلب کرلیں ہیں۔

 آڈٹ فرم ہر صوبے کے دس فیصد اسٹیشنز کا آڈٹ کرے گی۔ فرم فی کلو منافع اور حقیقی پیداواری لاگت کا تعین کرے گی۔

 فرم اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ پینتالیس روز میں جمع کروانے کی پابند ہوگی اور حتمی رپورٹ ساٹھ روز میں جمع کرائے گی۔

 آڈٹ فرمز لیبر، کمرپیشن لاگت اور دیگر اخراجات کا بھی آڈٹ کرے گی۔ اوگرا نے آڈٹ کروانے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کیا ہے۔

دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن نے وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو قانونی نوٹس جاری کردیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسٹیشنز کو زبردستی نقصان پر گیس بیچنے پر مجبور کرنا غیر قانونی ہے جبکہ عدالت عظمیٰ نے نقصان پر گیس بیچنے کا حکم نہیں دیا۔

 نوٹس  میں مزید کہا گیا ہے کہ سی این جی اسٹیشن مالکان کو ہراساں کرنا اور دھمکانا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

 اس حوالے سے سرکاری حکام بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں