صدر آصف علی زرداری اور بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے درمیان ملاقات کا ایک منظر۔ – اے پی پی فوٹو

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہش مند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے شاندار مواقع موجود ہیں۔

منگل کی شام ایوان صدر میں ہندوستانی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور ان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے تعلیم ‘ صحت اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکراتی عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تمام مرکزی سیاسی جماعتوں میں ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے لئے عمومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں دیر پا امن کے لئے تمام تصفیہ طلب تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں۔

صدر نے ہندوستانی وفد کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس طرح کے پارلیمانی تبادلے انتہائی حوصلہ افزاء ہیں اور ان سے عوامی روابط مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی صوبائی اسمبلیوں میں فرینڈ شپ گروپ تشکیل دینے پر غور کرسکتے ہیں۔

صدر نے بہار کے شاندار ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے درمیان زیادہ رابطوں اور وسیع تر تعاون سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے بہار کے ترقیاتی ماڈل کو سراہا جس میں سماجی شعبے خصوصاً تعلیم ‘صحت اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پر زور دیا گیا ہے۔اس موقع پر صدر نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ذکر کیا جس کی بدولت ملک بھر میں لاکھوں غریب لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے پروگرام کے مختلف حصوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں اپنے تجربے کے تبادلے پر مسرت ہوگی۔

نتیش کمار نے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے عوام بھی پاکستان کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات خواہش مند ہیں۔

ملاقات کے دوران ہندوستانی وفد کے ارکان قائم مقام ہائی کمشنر گوپال بگلے ‘ بہار کی وزیر انڈسٹری رینو کماری ‘ وزیر ثقافت سکھادا پانڈے ‘ ڈپٹی چیئرمین بہار قانون ساز کونسل سلیم پرویز ‘ بہار کے اقلیتی کمیشن کے چیئرمین نوشاد احمد ‘ رکن راجیہ سبھا این کے سنگھ‘ چیف سیکرٹری بہار اشوک کمار سنہا کے علاوہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر ‘ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ ‘ قومی ہم آہنگی کے وزیر ڈاکٹر پال بھٹی ‘ رکن قومی اسمبلی اسماء ارباب عالمگیر ‘ رکن صوبائی اسمبلی انور سیف اللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

بعد میں صدر نے نتیش کمار اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں