خود بمبار کی جیکٹ پھٹنے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہا ہے۔ فوٹو ظاہر شاہ

لکی مروت: محلہ سیداں میں جمعے کی رات پولیس نے ایک خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے مشتبہ خود کش بمبار کو ہلاک کردیا جبکہ گلگت میں شرپسندوں نے ایک مکان پر دستی بم سے حملہ کیا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے ظاہر شاہ شیرازی کے مطابق آٓفیشلز نے بتایا کہ محلہ سیداں میں ایک چیک پوائنٹ پر امام بارگاہ کے قریب پولیس نے مشتبہ خودکش بمبار کو رکنے کا اشارہ کیا تو اس نے فائرنگ کردی جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ بمبار مارا گیا۔

 ضلع پولیس افسر ادریس خان نے بتایا کہ محلہ باغبانن میں مسجد غوثیہ کے قریب چیک پوائنٹ جو شیعہ برادری کے سیداں محلے میں جانے کا داخلی داستہ بھی ہے پر کمبل اوڑھے ایک خودکش بمبار کو روکا تاہم وہ پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک گلی میں بھاگ گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران اس نے پولیس پر ایک دستی بم بھی پھینکا جس کے جواب میں پولیس کی فائرنگ سے اس کی خود کش جیکٹ پھٹ گئی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق مشتبہ بمبار ایک رکشا میں سوار تھا اور روکنے پر اس نے پولیس پر فائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دستی بم سے بھی حملہ کیا۔

لکی مروت کے پولیس آفیشلز کے مطابق حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور خود بمبار کی جیکٹ پھٹنے سے دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

آفیشل نے کہا کہ خود کش بمبار کا ممکنہ ہدف شیعہ رہنما کے گھر جاری مجلس عزا یا محلہ سیداں کی امام بارگاہ تھی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔

دوسری جانب گلگت کے علاقہ کنوداس میں شرپسندوں نے ایک مکان  پر دستی بم کا حملہ کیا گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں