عوامی نیشنل پارٹی کے وفد کی سکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد سے ملاقات پر آمد۔ – فوٹو آن لائن
عوامی نیشنل پارٹی کے وفد کی سکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد سے ملاقات پر آمد۔ – فوٹو آن لائن

کراچی: حکمراں پاکستان پیلپزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور اپوزیشن جماعتوں سمیت دس سیاسی جماعتوں کے وفود نے سکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد سے جمعہ کے روز ملاقات کی اور مختلف امور پر اپنے موقف سے آگاہ کیا۔

ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے بات چییت کرتے ہوئے سکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہے ۔ نئی حلقہ بندیوں کا مقصد شہریوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

اس سے پہلے سیکریٹری الیکشن سے ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم  کے رھنما رضاہارون نے موقف اختیار کیا تھا کہ حلقہ بندیوں کا طریقہ کارآئین میں درج ہے۔ انہوں نے صرف ایک علاقے میں حلقہ بندیوں میں تبدیلی غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھی نئی حلقہ بندیوں کی مخالفت کی اور ایک بیان میں کہا ہے کہ  اگر سپریم کورٹ کے حکم کا جوازبدامنی ہے تو کراچی سے زیادہ خراب صورتحال بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے بشیرجان نے ملکی استحکام کے لیے کراچی میں امن ضروری قراردیا جبکہ نون لیگ کے سلیم ضیاء نے کہا کہ کراچی بارود کا پہاڑ بن چکاہے اور صاف شفاف انتخابات ہی اس شہر کو بدامنی سے نجات دلاسکتے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی  سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے ایک بیان میں  سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی کی ازسرنو حلقہ بندی کو خوش آئند قرار دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں