FHOCKEY-FIH-CHAMPIONS-AUS
ڈچ کھلاڑی جیرون ہیرٹز برگر گیند کو ہٹ لگا رہے ہیں جبکہ پاکستان کے وسیم احمد بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔—اے ایف پی

نیدر لینڈز کے ہاتھوں  سیمی فائنل میں پانچ  - دو کے بھاری مارجن سے شکست کھانے کے بعد پاکستان چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہو گیا ہے۔

ہفتہ کی صبح میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس بے رنگ نظر آئے۔ کھیل شروع ہوئے دو منٹ ہی ہوئے تھے کہ بلی بیکر نے نیدر لینڈز کے لیے پہلا گول اسکور کر دیا۔

پاکستان نے دسویں منٹ میں ایک پلینٹی کارنر حاصل کیا لیکن وہ اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا۔

ڈچ ٹیم پاکستان پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا اور بیسویں منٹ میں وان آس نے دوسرا گول کر کے ٹیم کی سبقت کو دگنا کر دیا۔

پاکستان کا پہلا گول کھیل کے تئیسویں منٹ میں اس وقت سامنے آیا جب گیند ڈچ کھلاڑی کی ہاکی اسٹک سے ٹکرا کر اپنے ہی گول پوسٹ میں چلی گئی۔

بیکر نے ہاف ٹیم سے قبل تینتیسویں منٹ میں ایک اور خوبصورت گول کر کے ٹیم کی سبقت کو پھر دگنا کر دیا۔

ہاف ٹائم پر پاکستان تین - ایک سے پیچھے تھا۔

دوسرے ہاف میں پاکستان نے ڈچ گول پوسٹ پر حملے بڑھائے تاہم وہ  ہر بار گیند کو گول پوسٹ میں نہ پہنچانے سے قاصر رہے۔

دوسری جانب، ڈچ کھلاڑیوں نے بھی پاکستان پر حملوں سے اپنا دباؤ قائم رکھا۔

گرین شرٹس کے میچ میں واپس آنے کے امکانات اس وقت ختم ہو گئے جب ویلیٹنن ورج کے گول نے اسکور چار - ایک کر دیا۔

کھیل ختم ہونے سے آٹھ منٹ قبل نیدر لینڈز نے پاکستانی دفاع میں ایک مرتبہ پھر شگاف ڈالتے ہوئے پانچواں گول کر ڈالا۔

پاکستان کی جانب سے اس ایونٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے شکیل عباسی نے کھیل کے اختتامی لمحات میں گول اسکور کر کے شکست کے مارجن میں کمی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں