پاکستان ٹیم اپنے تمغوں کیساتھ۔ – اے ایف پی فوٹو

کراچی: انٹرنیشن ہاکی فیڈریشن کی جاری کردہ نئی رینکنگز کیمطابق پاکستان ہاکی ٹیم اپنی پچھلی نویں پوزیشن سے چار درجہ ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

گرین شرٹس کو یہ ترقی آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں حال ہی میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد نصیب ہوئی ہے۔ ان مقابلوں میں پاکستان کے شکیل عباسی کو بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جرمنی کیخلاف اپ سیٹ فتح حاصل کی تھی مگر سیمی فائنل میں اسے نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم اس شکست کے بعد تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھرپور واپسی کی اور اپنے روایتی حریف ہندوستان کو تین دو کے مارجن سے شکست دیکر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

رینکنگز کیمطابق پہلی چار پوزیشنز میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے اور لندن اولمپکس چیمپیئن جرمنی بدستور پہلے، آسٹریلیا دوسرے، نیدرلینڈ تیسرے اور برطانیہ چوتھے نمبر پر قائم ہیں۔

پاکستان سے ایک پوزیشن پیچھے چھٹے نمبر پہ نیوزی لینڈ جبکہ اسپین، کوریا، بیلجیئم، ارجنٹینا اور ہندوستان بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں، دسویں اور گیارھویں نمبر پر فائز ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں