قائد متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین۔ فائل فوٹو۔۔۔
قائد متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین۔ فائل فوٹو۔۔۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کا کراچی بدامنی کیس کی سماعت کرنے والے ججوں سے متعلق خطاب توہین اور دھمکی آمیز تھا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالت عظمٰی کے تین رکنی بینچ نے کراچی بدامنی کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینیٹر حاجی عدیل کے وکیل نے کہا کہ انہوں نے اس مقدمے میں ایک آئینی درخواست دائر کی ہے۔

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ انہیں رجسٹرار آفس سے ایک نوٹ بھجوایا گیا ہے جس میں الطاف حسین کی تقریر کے اقتباسات دیے گئے ہیں کہ جج صاحبان معافی مانگیں جس کا انہیں نوٹس لینا ہے۔

جسٹس افتخار نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ، جو ایک سیاسی لیڈر ہیں، نے ایک مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے ججوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزامات لگائے اسلیے پیمرا کواحکامات دیے گئے ہیں کہ وہ ان کی تقریر کا متن پیش کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بدامنی کیس کی سماعت کرنے والا بینچ اس فیصلے کے عملدرآمد کی سماعت کر رہا تھا جسے کبھی چیلنج نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آخری تاریخ سماعت پر ایک عبوری حکم دیا گیا تھا جس میں کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے بات کی گئی تھی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ احکامات کا پس منظر سوائے عدالت کے احکمات پر عملدرآمد کے اور کچھ نہیں تھا تاہم ایم کیو ایم کے رہنما نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے توہین آمیز کلمات ادا کیے۔

جسٹس افتخار نے کہا انہوں نے تقریر کا متن دیکھا ہے اور انکی رائے ہے کہ جو زبان استعمال کی گئی وہ توہین آمیز اور دھمکانے والی تھی اور عدالت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف تھی۔

اس پر عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد کو آئین کے آرٹیکل دو سو چار اور توہین عدالت کے آڑڈیننس دو سو تین کی دفعہ تین کے تحت توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

  سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کو بھی وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔

ساتھ ہی عدالت نے چیف سیکرٹری، آئی جی، ہوم سیکرٹری سندھ سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس کے علاوہ وزارت خارجہ کو نوٹس کی تعمیل یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

ehtesham Dec 15, 2012 06:43pm
Why new constituencies only in Karachi.It is against MQM.