رحمان ملک دورہ ہندوستان کے موقع پر ہندوستانی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی۔۔۔

نئی دہلی: ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے حافظ سعید کے حوالے سے دیے گئے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے حکومت سے اس ماہ ہونے والی پاک و ہند کرکٹ سیریز کی منسوخی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی اردو کے مطابق انڈین وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ حافظ سعید سے متعلق پاکستانی وزیر داخلہ کا بیان سراسر غلط ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے 25 دسمبر سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 25 دسمبر سے شروع ہونے والی 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل مختصر سیریز منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بی جے پی کے رہنما یشونت سنہا کا کہنا ہے کہ "ہندوستان کو پاکستان سے بات نہیں کرنی چاہیے اور پاک و ہند سیریز بھی منسوخ کی جانی چاہیے"۔

بی جی پی کے سابق صدر بھی رحمان ملک کے بیانات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور کرکٹ ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ان کا کہنا تھا کہ "ایک طرف تو پاکستان دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے تو دوسری جانب کرکٹ سیریز ہو رہی ہے، یہ دونوں چیزیں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں"۔

یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک جمعہ کو ویزہ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور سیکیورٹی معاملات میں بہتری کا ایجنڈا لیے ہندوستان پہنچے تھے۔

دوسری جانب حکومت نے پاک و ہند کرکٹ سیریز کی منسوخی کے مطالبہ یکسر مسترد کر دیا ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت اور انڈین کرکٹ بورڈ(بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کے اہم عہدیدار راجیو شکلا نے کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا کو بیان بازی کی سیاست کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

ان کہنا تھا کہ "پاکستان سے کرکٹ سیریز کی تیاری چل رہی ہے اور وہ اپنے پروگرام کے مطابق ہو گی، کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے"۔

واضح رہے کہ دورہ ہندوستان کے دوران رحمان ملک نے ہندوستانی حکام کو حافظ سعید کے حوالے سے دستاویزات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے حافظ سعید کو تین دفعہ گرفتار کیا تاہم اسے ان کیخلاف کسی بھی قسم ثبوت نہیں ملے جس کے باعث عدالت نے انہیں رہا کر دیا۔

اس کے ردعمل میں ہندوستانی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حافظ سعید کو ایک مرتبہ بھی ممبئی حملوں کے الزام میں گرفتار نہیں کیا۔

اس دوران وزیر داخلہ رحمان ملک نے غیر ملک خبر رساں ادارے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہندوستان حافظ سعید کے حوالے سے ثبوت و شواہد فراہم کرے تو وہ خود ان کی گرفتاری کا حکم دے دیں گے۔

یاد رہے کہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے ہندوستان سے وطن واپسی پر کہا تھا کہ انڈیا نے حافظ سعید سے متعلق ثبوت نہیں دیے، صرف معلومات دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہندوستانی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، انڈیا سے ٹیلی فون پر ہدایات دی جاتی ہیں اور جلد اس کے ثبوت پیش کروں گا۔

تبصرے (0) بند ہیں