پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر جنہوں نے صرف کراچی میں حلقہ بندیاں کرانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ فائل فوٹو۔۔۔

کراچی: کراچی میں حلقہ بندیوں کی ایم کیو ایم کے سوا اکثر جماعتوں نے حمایت کردی ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ اجلاس میں ایم کیو ایم نے صرف کراچی میں حلقہ بندیوں کی شدید مخالفت کی جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم الیکشن کمیشن کراچی میں حلقہ بندیوں کے فیصلے پر قائم ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کی زیرصدارت کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورتی اجلاس ہوا۔ پندرہ سیاسی جماعتوں میں سے اے این پی اور تحریک انصاف کے علاوہ باقی تمام جماعتوں کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں ایم کیو ایم نے صرف کراچی میں حلقہ بندیوں پر شدید احتجاج کیا، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ دباؤ کے تحت الیکشن کمیشن ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔

دوسری جانب حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے تاج حیدر نے بھی صرف کراچی میں حلقہ بندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

مزید براں مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام سمیت بیشتر جماعتوں نے کراچی میں حلقہ بندیوں کی حمایت کی۔

اجلاس کے اختتام پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا  کہ ایم کیو ایم کے سوا دیگر تمام سیاسی جماعتیں کراچی میں حلقہ بندیوں پر رضامند ہیں اس لئے حلقہ بندیوں پر کام شروع کیا جائےگا۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو حلقہ بندیوں سے متعلق تجاویز ایک ہفتے میں جمع کرانے کا بھی کہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں