قاضی حسین احمد ۔ ڈان فائل تصویر
سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد ۔ ڈان فائل تصویر

پشاور: جماعت ِ اسلامی کے سابق امیر اور بزرگ سیاستدان قاضی حسین احمد کی نمازِ جنازہ رنگ روڈ پشاور میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ 

قاضی حسین احمد کی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے پڑھائی۔

نمازِ جنازہ میں مولانا فضل الرحمان، حمید گل، حافظ حسین احمد سمیت کئی اہم سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ سینکڑوں سوگواروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد میت کو قاضی حسین احمد کے آبائی گاؤں زیارت کاکا صاحب پہنچایا گیا جہاں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں انہیں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

چوہتر سالہ قاضی حسین احمد ایک نامور مذہبی اسکالر اور اسلامی جمہوریت کے حامی تھے جو عارضہ قلب کی باعث کل رات کو اسلام آباد میں انتقال کرگئے تھے۔

امریکہ کی دہشتگردی کیخلاف پالیسی پر وہ سخت تنقید کرتے رہے۔ افغانستان میں دخل اندازی کی وجہ سے وہ ہمیشہ امریکہ مخالف جذبات کا اظہار کرتے رہے۔

قاضی حسین احمد ایک عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور تین روز قبل ان کی حالت مزید بگڑ گئی تھی۔

قاضی حسین احمد  1978 میں جماعتِ اسلامی سے وابستہ ہوئے اور  1987 میں جماعت کے امیر منتخب ہوئے اور مزید دو مرتبہ امیر منتخب ہونے کے بعد 2009 میں اس کی صدارت سے سبکدوش ہوئے۔

گزشتہ نومبر کو وہ ایک خود کش حملے میں اس وقت محفوظ رہے جب مہمند ایجنسی میں ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں