لائن آف کنٹرول پر ایک ہندوستانی فوجی حفاظت پر معمور ہے۔ رائٹرز فوٹو۔
لائن آف کنٹرول پر ایک ہندوستانی فوجی حفاظت پر معمور ہے۔ رائٹرز فوٹو۔

اسلام آباد: پاکستان نے جمعے کو ہندوستانی سفیر کو طلب کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے دوسری مرتبہ سرحدی خلاف ورزی کرنے پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں ایک اور پاکستانی فوجی کی ہلاکت ہوئی۔

 دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر ایک احتجاجی مراسلہ ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

 مراسلے میں پاکستان نے ناقابل قبول، بلا اشتعال اور بار بار ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔

 بیان کے مطابق، پاکستان نے ہندوستانی فوج کی جانب سے بار بار ایل او سی کی خلاف ورزی کے واقعات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرنے کی درخواست کی ہے۔

 پاکستان کے مطابق، جمعرات کو ہندوستانی فوج نے ایک اور پاکستانی فوجی کو ایل او سی پر ہلاک کردیا تھا۔

 گزشتہ پانچ روز کے دوران ایل او سی پر فائرنگ کے تین واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پاکستان اور ہندوستان دونوں نے ایک دوسرے کے الزامات کی تردید کی ہے۔

 ہندوستانی فوج کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ فائرنگ پاکستان نے کی تھی اور ہندوستانی سپاہیوں کی جانب سے اسے پسپا کردیا گیا۔

 واضح رہے کہ 2003 میں دونوں ممالک کی جنگ بندی کے بعد لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور ہلاکتوں کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں