عمر گل۔ – اے ایف پی فائل فوٹو

ایسٹ لندن: وکٹ کیپر سرفراز احمد اور فاسٹ بالر عمر گل کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہفتہ کے روز ساوتھ افریقہ انویٹیشن الیون کیخلاف کھیلے جارہے چار روزہ وارم اپ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی کھیل میں واپسی ممکن ہو پائی۔

سرفراز کے ترانوے اور گل کے انچاس رنز نے مجموعی اسکور کو کل کے اسکور ایک سو اٹھتر سات آوٹ سے بڑھا کر تین سو انتیس تک پہنچا دیا۔

اسکے بعد عمر گل نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شروع ہی میں دو وکٹیں حاصل کرکے انویٹیشن الیون کو دباو کا شکار کردیا۔ میزبان ٹیم دوسرے روز کھیل کے اختتام تک سات وکٹوں پر دو سو تیرہ رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

جنوبی افریقہ کیخلاف جمعہ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے پہلے یہ پاکستان کا واحد وارم اپ میچ ہے۔

پچیس سالہ سرفراز احمد نے، جو سابق انڈر نائینٹین کپتان بھی ہیں اور اس سے پہلے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، عمر گل کیساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں اکیاسی قیمتی رنز جوڑے۔

حالانکہ سعید اجمل نئی بال لئے جانے کے فوراً بعد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم سرفراز نے نویں وکٹ پہ پہلے جنید خان کیساتھ پینتالیس اور پھر آخری وکٹ کیلئے محمد عرفان کیساتھ انچاس رنز کا اضافہ کیا۔ وہ آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے اور ہارمر کی گیند پر باونڈری پر کیچ آوٹ ہوئے۔

سرفراز نے ایک سو اکسٹھ بالوں کا سامنا کیا اور ایک چھکا اور بارہ چوکے لگانے میں کامیاب رہے۔

انویٹیشن الیوں کیجانب سے آف اسپنر ہارمر سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے انہوں نے اٹھاسی رنز دیکر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے وان وین جارسفیلڈ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے بیانونے رنز جوڑے اور سعید اجمل کی بالنگ پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں