سربراہ منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری -- فائل فوٹو
سربراہ منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری -- فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ انکی کوشش ہوگی کہ آئندہ آنے والے سات سے دس روز کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے۔

ڈاکٹر طاہر القادری اور حکومتی ٹیم کے درمیان اسلام آباد لانگ مارچ اعلامیہ کے بعد پہلی ملاقات لاہور میں اتوار کو ہوئی۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کی رائے میں الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کا تقرر آئین کے مطابق ہے۔

انکے مطابق، قانونی ماہرین نے بھی ارکان کا تقرر آئین کے مطابق قرار دیا ہے اور انہیں ہٹایا نہیں جاسکتا۔۔

انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت برقرار ہے اور اسے فنڈز استعمال کرنے سے نہیں روکا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے اعلان کے بعد فعال ہوگا، اس کے بعد فنڈز کا استعمال روکا جاسکے گا۔

اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اسمبلیاں حکومت سے ہونے والے معاہدے کے مطابق سولہ مارچ سے پہلے تحلیل ہونگی اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان سات سے دس دن میں کردیا جائے گا۔

ڈاکٹر قادری نے مذاکرات کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو نکات کی تشریح پر اختلاف کے سوا تمام امور کی توثیق کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی ہفتہ دس دن میں ہوگا۔

طاہر القادری نے بتایا کہ ان کی رائے میں الیکشن کمیشن کے چار ارکان کا تقرر آئین کے مطابق نہیں ہوا۔

انہوں نے انتخابی فضا بننے کے بعد مختلف ترقیاتی اور صوابدیدی فنڈز کا استعمال یکساں مواقع فراہم کرنے کی آئینی تقاضے سے متصادم قرار دیا اور ان کا استعمال روکنے کا مطالبہ کیا تاہم حکومت نے اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔

تبصرے (0) بند ہیں