۔۔۔۔۔۔۔۔۔اے ایف پی فوٹو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔اے ایف پی فوٹو

سرینگر: ہندوستان کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے بعد بند کی جانے والی پاک ہندوستان بس سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو پاکستان سے 64 مسافروں نے جبکہ ضلع پونچھ، راولاکوٹ سے کشمیر میں (لائن آف کنٹرول) کنٹرول لائن کو 84 مسافروں نے عبور کیا۔

یہ سروس کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی کی وجہ سے 17 روز تک معطل رہنے کے بعد دو طرفہ کوششوں سے آج بحال ہوگئی۔

بس سروس بحال ہونے پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے دونوں طرف کے عوام کو پریشانیاں اٹھانا پڑتی ہیں۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہونے والی جھڑپوں سے ہلاکتوں کے بعد یہ سروس بند کردی گئی تھی تاہم دونوں اطراف کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے ٹیلی فونک رابطوں میں ایل او سی پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔

لائن آف کنٹرول پر تجارت منگل سے دوبارہ شروع ہوگی اس حوالے سے تمام تاجروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پونچھ راولاکوٹ سے پار کنٹرول لائن بس سروس کا آغاز 2005 میں ہوا تھا، جو کہ خطے میں تقسیم خاندانوں کے لیے ایک دوسرے سے ملنے کا ایک ذریعہ ہے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں