پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل ایکشن میں۔ – فائل فوٹو

ایسٹ لندن: جنوبی افریقہ کے دورے پہ گئی ہوئی پاکستانی ٹیم ساوتھ افریقہ انویٹیشن الیون کیخلاف اپنا واحد وارم اپ میچ ڈرا کرانے میں کامیاب ہوگئی۔ پیر کے روز بفیلو پارک میں کھیلا جارہا چار روزہ میچ خراب روشنی کے باعث جلد ختم کردیا گیا۔

جب میچ روکا گیا اس وقت انویٹیشن الیون تین سو تئیس رنز کے تعاقب میں ایک سو نوے رنز پانچ کھلاڑی آوٹ پر بیٹنگ کر رہی تھی۔

میزبان ٹیم کے کپتان جسٹن اونٹونگ نے ناقابل شکست اکیاون رنز بنائے۔ جب وہ بیٹنگ کرنے آئے تو انکی ٹیم کو شکست کا سامنا تھا اور اسکے چار کھلاڑی صرف ایک سو ایک رنز کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہو چکے تھے۔

افتتاحی بالرز عمر گل اور جنید خان دوسری اننگز کے آغاز ہی میں ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ محمد عرفان نے دو اور آف اسپنر سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کے افتتاحی بالر کائل ایبٹ نے تین پاکستانی وکٹیں جلد ہی حاصل کر لیں- ایک پرانی گیند سے اور دو دوسری نئی گیند سے-

پاکستان نے پیر کے روز کھیل شروع ہونے پر محظ دس رنز کے اضافہ سے چار وکٹیں گنوا دیں اور دو سو پچاس رنز نو کھلاڑی آوٹ کے مجموعی اسکور پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

پاکستانی ٹیم منگل کو جوہانسبرگ پہنچے گی جہاں وہ ساتھ افریقہ کیخلاف وانڈررز اسٹیڈیم میں پہلی فروری سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کی تیاری کریگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں