وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمرزمان کائرہ میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں ۔ — اے پی پی فائل فوٹو
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمرزمان کائرہ میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں ۔ — اے پی پی فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران حکومت سے متعلق مشاورت مکمل کرلی ہے، اس حوالے سے اتحادیوں سے اب مشاورت شروع کریں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق، منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت شروع نہیں ہوئی تو کسی نام کو حتمی شکل کیسے دی جا سکتی ہے، حکومت اور اسمبلیاں اپنے آخری دن تک کام کر سکتی ہیں جبکہ حکومت طاہرالقادری کے ساتھ معاہدے پر پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نگران وزیراعظم کے لیے 6 کے بجائے 2 نام وزیراعظم کو دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی نئے صوبے کی سفارشات کی مخالفت افسوسناک ہے اور فرحت اللہ بابر کے بارے میں چوہدری نثار کا رویہ مناسب نہیں، چوہدری نثار الفاظ استعمال کرنے میں احتیاط کریں ورنہ احترام نہیں رہے گا۔

کائرہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ دھرنے کی بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائے، مسلم لیگ ن پہلے واضح کرے کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں یا مخالفت میں ہیں، الیکشن کمیشن کو بااختیار بنانے کا فورم سڑکیں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کا مسئلہ حکومت کا نہیں جبکہ حکومت نے بھرتیوں پر پابندی سے متعلق الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں