۔۔۔۔۔فائل فوٹو
۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے حتمی ضابطہ اخلاق جاری کردیا،حتمی ضابطہ اخلاق کے تحت صدر، گورنر، وزیراعظم اور وزراء انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری حتمی ضابطہ اخلاق چالیس سے چھیالیس نکات پر مشتمل ہے، جسے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر، گورنر، وزیراعظم وزرا، مشیروں کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی ہوگی جبکہ فنڈز کے اجرا، ترقیاتی سکیموں اور سرکاری مشینری کا استعمال ممنوع ہوگا۔

اس کے علاوہ خواتین کو الیکشن میں حصہ لینے یا ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کیلئے سیاسی جماعتیں آپس میں کوئی معاہدہ بھی نہیں کریں گی۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ سٹیشنز کی ایک سو گز کی حدود میں ووٹ مانگنے پر پابندی ہوگی اور پولنگ اسٹیشن کی چار سو گز کی حدود کے اندر انتخابی مہم بھی نہیں چلائی جاسکے گی۔

خیال رہے کہ انتخابی مہم کے دوران وال چاکنگ اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

امیدوار انتخابی اخراجات کیلئے اکاؤنٹ مختص کریں گے، اور انتخابی اخراجات کی رسیدیں بھی رکھیں گے تاہم انتخابی مہم کے دوران امیدواران پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔

انتخابی ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ پولنگ کے ایک دن بعد بھی اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی، انتخابی شیڈول جاری ہونے سے نتائج آنے تک ڈی آر اوز اور آر اوز کو درجہ اول مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور نااہلی کی سزا ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں