مظاہرین عیسائی برادری کے افراد کی اشیا کو نذر آتش کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی۔

لاہور: لاہور میں  مبینہ طور پر توہین رسالت کے ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف مشتعل افراد نے ہفتہ کو مسیحی برادری کی ایک کالونی پر دھاوا بولتے ہوئے درجنوں مکان نذر آتش کر دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق، گزشتہ روز شہر کے علاقے بادامی باغ میں مسیحی نوجوان ساون مبینہ طور پر توہین رسالت کا مرتکب ہوا تھا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

آج ملزم کی عدم گرفتاری پر لوگ مشتعل ہو گئے اور انہوں نے نور روڈ پر واقعے جوزف کالونی پردھاوا بول دیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم نے کالونی میں درجنوں گھروں میں گھس کر وہاں موجود سامان کو آگ لگا دی۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایس پی آپریشنز لاہور سہیل سکھیرا اور ایس ایچ او تھانہ بادامی باغ حافظ ماجد زخمی ہوئے۔

جلاؤ گھیراؤ کے دوران دس افراد بھی زخمی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے  ملزم کی گرفتاری ظاہر کر دی اور اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

تھانہ بادامی باغ پولیس کے مطابق ملزم ساون مسیح کو تھانہ کی لاک اپ میں جان کے خطرے کے پیش نظر جیل منتقل کیا گیا ہے۔

ملزم کی گرفتاری کی اطلاعات پر مشتعل افراد منتشر ہو گئے تاہم پولیس کی بھاری نفری اب بھی علاقے میں موجود ہے۔

علاقے کے ایس ایچ او حافظ عبدالماجد کے مطابق ساون کے خلاف مقدمہ شاہد عمران نامی حجام کی مدعیت میں 295 سی کے تحت درج کیا گیا۔

بی بی سی اردو نے ایس ایچ او کے حوالے سے بتایا کہ شاہد عمران نے الزام لگایا تھا کہ ساون توہین رسالت کا مرتکب ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق، ساون اپنے مکان کے باہر بلیئرڈ ٹیبل رکھ کر کاروبار کیا کرتا تھا جبکہ اس کے مکان کے سامنے ہی شاہد عمران کا کھوکھا ہے جہاں وہ حجامت بناتا ہے۔

درین اثناء، واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر آصف علی زارداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ذمہ داروں کیخلاف فوری کاروائی کا حکم دیا ہے۔ سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت انسانی حقوق کی مختلف تنظیوں نے بھی شرمناک واقعہ کی سختی سے مذمت کی ہے۔

تبصرے (3) بند ہیں

shafqat Mar 09, 2013 01:51pm
thanks down news ,for disclose the militents brutality against christians.
شانزے Mar 09, 2013 08:43pm
د
شانزے Mar 09, 2013 08:53pm
د