فوج اپنےادارے کے وقار اور تحفظ کا خیال رکھے گی، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2014
اپنے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہ ایس ایس جی کے افسران اور فوجیوں کی قربانیوں اور کوششوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر
اپنے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہ ایس ایس جی کے افسران اور فوجیوں کی قربانیوں اور کوششوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج تمام اداروں کے تقدس کا خیال رکھے گی اور خود اپنے ادارے کے وقار اور ادارہ جاتی تفاخر کو برقرار رکھے گی۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے ان خیالات کا اظہاراسلام آباد سے 110کلومیٹر دورغازی بیس تربیلہ میں اسپیشل سروسز گروپ ( ایس ایس جی) ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر انہوں ایس ایس جی سپاہیوں اور افسران کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں اور خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کی وبب سائٹ پر جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق، انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایس ایس جی کی بہادری اور جنگی مہارت پر فخر کرتی ہے۔ ہماری ایس ایس جی کا شمار دنیا بھر کی بہترین سپیشل فورسز میں ہوتا ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ایس ایس جی کو انتہائی حساس، پیچیدہ اور دشوار صورتِحال میں کام کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود ان کی کارکردگی ہمیشہ قابلِ تحسین رہی ہے۔

ایس ایس جی کے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کے دوران چیف آف آرمی سٹاف نے کہاکہ پاک فوج نے مادرِ وطن کے تحفظ اور سلامتی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سےنہ کبھی دریغ کیا اور نہ دریغ کرے گی۔

پاک فوج نے قومی حمایت کے ساتھ روایتی ہم آہنگی اور عزم سے ہمیشہ قومی سلامتی اور تعمیر وترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور یہ اہم فریضہ سر انجام دیتی رہے گی۔

حالیہ دنوں میں فوج کے بارے میں بعض عناصر کی طرف سےغیر ضروری تنقید پر افسروں اور جوانوں کےتحفظات کے حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ موجودہ صورتِحال میں جبکہ ملک اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دو چار ہے، پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہےاور اپنے ادارے کے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔

قبل ازایں چیف آف آرمی سٹاف کا تربیلہ پہنچنے پر وائس چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل غیورمحمود اورجنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی میجر جنرل عابد رفیق نے استقبال کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Apr 07, 2014 07:03pm
ھم‏ ‏قومی‏ ‏فوج‏ ‏کی‏ ‏سپاہ‏ ‏سالار‏ ‏کے‏ ‏حیالات‏ ‏کا‏ ‏خیرمقدم‏ ‏کرتے‏ ‏ھیں‏ ‏فوج‏ ‏کو‏ ‏ایک‏ ‏ادارہ‏ ‏کے‏ ‏طور‏ ‏پر‏ ‏اپنی‏ ‏نیک‏ ‏نامی‏ ‏اور‏ ‏وقار‏ ‏کا‏ ‏خیال‏ ‏رکھنا‏ ‏ضروری‏ ‏ھے‏ مگر‏ ‏‏یہ‏ ‏اس‏ ‏صورت‏ ‏میں‏ ‏ممکن‏ ‏ھے‏ ‏کہ‏ ‏فوج‏ ‏دوسرے‏ ‏اداروں‏ ‏کا‏بھی‏ اسی‏ ‏طرح‏ ‏احترام‏ ‏کرے‏ ‏‏ ‏جیسا‏ ‏کہ‏ ‏وہ‏ ‏حود‏ ‏اپنے‏ ‏لئے‏ ‏پسند‏ ‏کرنا‏ ‏چاہ‏ ‏رہے‏ ‏ھیں‏ ‏