ایک رپورٹ کے مطابق، حال ہی میں ختم ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ اجلاس کے بعد پاکستان انڈیا کے خلاف کم از کم چھ سیریز کھیلنے کی امید کر رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ نجم سیٹھی نے جمعہ کو بتایا تھا کہ آئی سی سی میں تبدیلیوں کی مشروط حمایت کے بعد پاکستان کو ہندوستان سمیت مختلف ملکوں کے خلاف آٹھ سال تک تین سو ملین ڈالرز مالیت کی سیریز کھیلنے کو ملیں گی۔

جمعرات کو دبئی میں آئی سی سی اجلاس ختم ہونے کے بعد پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ وہ رواں سال جولائی میں باقاعدہ طور پر منظور کی جانے والی آئی سی سی اصلاحات کی مشروط حمایت کے لیے تیار ہے۔

سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس مشروط حمایت سے مالی بحران کا شکار پی سی بی کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔

کرک انفو کی اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ موجودہ فیوچر ٹور کیلنڈر میں موجود خلا کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر چھ سیریز کھیلنے کا سوچ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، دو طرفہ مقابلوں کی پہلی سیریز 2015 کے موسم سرما متحدہ عرب امارات میں ہو سکتی ہے۔

پی سی بی رواں مہینے اپنی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہندوستانی بورڈ کی جانب سے حتمی تصدیق کا انتظار کرے گا۔

یاد رہے کہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد سے انڈیا نے پاکستان کے خلاف ایک بھی مکمل سیریز نہیں کھیلی۔

دونوں ملکوں کے درمیان دسمبر، 2012 انڈیا میں ون ڈے میچوں کی محدود سیریز ہو چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں