فلنٹوف کی کرکٹ میں واپسی

15 اپريل 2014
۔—فائل فوٹو۔
۔—فائل فوٹو۔

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انڈریو فلنٹوف کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود کلب کرکٹ میں واپسی کرسکتے ہیں۔

دو ہزار دس میں ریٹائرمنٹ لینے والے چھتیس سالہ آل راؤنڈر لنکشائر جوائن کرنے سے قبل نارتھرن لیگ کا حصہ تھے۔

انہوں نے اب اپنے دادا کے ذریعے فلائیڈ کلب سے رابطہ کیا ہے۔

کلب کے چیئرمین جون کوٹن کا کہنا ہے 'ہم سب کلب میں ان کی واپسی پر بہت خوش ہیں جہاں انہوں نے نوجوانی میں کئی سال کرکٹ کھیلی۔'

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ فلنٹوف کے دادا روزانہ صبح کلب میں آتے ہیں۔

چیئرمین کے مطابق فلنٹوف کو جولائی میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ایک میچ کے لیے دعوت دی گئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ فلنٹوف اس دعوت کو قبول کریں گے۔

'ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو ویسے بھی کافی پسند کیا جاتا ہے اور ہم اس میچ کے لیے ایک بڑے کراؤڈ کی امید کررہے ہیں کیوں کہ یہ میچ شام میں کھیلا جائے گا۔'

فلنٹوف نے انگلینڈ کے لیے 79 ٹیسٹ اور 141 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں اور وہ 2005 اور2009 میں ایشز جیتنے والے انگلش کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے۔

دو ہزار دس میں گھٹنے کی انجری کے باعث انہیں اپنا کریئر ختم کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں