اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان سول اور ملٹری قیادت کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں آج بدھ کو ایک اہم ملاقات ہونے جارہی ہے۔

اگرچہ پاکستان مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے ماضی میں ایک دوسرے کی مخالفت کرنے والے ان رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تصدیق ہوچکی ہے، لیکن اس کے ایجنڈ ے کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔ لیکن صرف یہ ضرور کہا گیا کہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق صدر زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے یہ واضح کیا تھا کہ کسی قوت کی جانب سے اگر کوئی بھی غیر جمہوری کام کیا گیا تو ان کی جماعت حکومت کا ساتھ دے گی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ' اس ملاقات میں دونوں رہنما ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

ان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا اس ملاقات کا ایجنڈا متنازعہ تحفظِ پاکستان بل ہے تو انہوں نے منفی جواب دیا اور کہا کہ ملاقات کا اصل مقصد قومی اہمیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات وزیراعظم کی دعوت پر ہورہی ہے اور آصف زرداری کراچی سے خصوصی طیارے میں اسلام آباد آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں