کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ اور دیگر پُرتشدد واقعات میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پہلا واقعہ شہر کو ٹھٹھہ سے ملانے والی نیشنل ہائی وے سے متصل دھابے جی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سے پیر کی صبح چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی جن کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ اس کے بعد غریب آباد کے علاقے میں فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک ہسپتال میں چل بسا۔

کراچی آپریشن:

اسی دوران آج پیر کی صبح رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم بارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

نیو کراچی پولیس نے بلال کالونی میں چھاپہ مار کر ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا جس کا نام کاشان بتایا گیا ہے۔

گرفتار ہونے والے مشتبہ شخص کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ پولیس کے مطابق ملزم دس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

۔دوسری جانب رینجرز نے پٹھان کالونی، گلشن اقبال، ملت ٹاؤن، چمن کالونی، مانسہرہ کالونی اور افغان بستی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گیارہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

تبصرے (0) بند ہیں