'پاکستانی اداروں پر ہندوستانی الزامات بے بنیاد ہیں'

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2014
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم۔ فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے صحافی حامد میر پر حملے کے حوالے سے ہندوستانی میڈیا کی جانب سے پاکستانی سیکورٹی اداروں پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کوئی سچ نہیں اور یہ بے بنیاد ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندوستانی میڈیا کی جانب سے حالیہ پیشرفت پر کی گئی رپورٹنگ پر بالکل حیران نہیں کیونکہ وہ ماضی میں بھی ایسا کرتے رہے ہیں۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ الیکشن کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز اسلام آباد آ چکے ہیں اور ان کی آرمی چیف راحیل شریف اور وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈوبنز سے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف 30 اپریل سے 2 مئی کے دوران برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم اپنے برطانوی ہم منصب سے باہی مفادات پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ وزیر اعظم برطانوی کابینہ کے وزرا سے بھی ملاقات کریں گے۔

تسنیم اسلم نے بتایا کہ اپنے دورے میں وزیر اعظم انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب اور مالیاتی اور توانائی کے شعبوں کے سرمایہ داروں اور چیف ایگزیکٹو سے ملقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کی فضا مستحکم اور تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں