اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز اور پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبینز کے درمیان گزشتہ روز جمعرات کو ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں پاک امریکہ باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سرتاج عزیز نے انہیں پاکستانی اتاشیوں کی جانب سے پاک امریکہ باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

مشیر خارجہ نے دہشت گردی کے خاتمہ، توانائی، معیشت اور تعلیم کے شعبوں مں سٹریٹجک مذاکرات اور گہری شراکت داری کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔

اجلاس کے دوران پاکستان اور امریکہ کے مابین علاقائی اور بالخصوص افغانستان کے حوالے سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

مشیر خارجہ نے افغانستان میں پُرامن صدارتی انتخابات اور انتقال اقتدار کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ امن اومان کی بہترصورتحال اور اقتصادی سرگرمیاں افغانستان اور خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہیں، جبکہ اس موقع پر2014ء کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے جبکہ جیمز ڈوبن کی معاونت امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کی۔

تبصرے (0) بند ہیں