کیتھے پیسفک کا پاکستان کیلئے پروازیں بند کرنے کا اعلان

17 جون 2014
فضائی کمپنی نے پاکستان کے لیے اپنی سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے—.فائل فوٹو
فضائی کمپنی نے پاکستان کے لیے اپنی سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے—.فائل فوٹو

کراچی : ہانگ کانگ کی فضائی کمپنی کیتھے پیسفک نےپاکستان کے لیے اپنی پروازیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں کیتھے پیسفک کے سیلز مینیجر سہیل یونس نے بتایا کہ 'ایئر لائن نے سیکورٹی اور معاشی وجوہات کی بنا پر پاکستان کے لیے اپنی سروس غیر معینہ مدت تک منسوخ کردی ہے'۔

پیر کے روز طالبان کی جانب سے غیرملکی کمپنیوں اور ایئر لائنز کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ پاکستان میں اپنا بزنس ختم کردیں، دوسری صورت میں انھیں حملے برداشت کرنے پڑیں گے۔

کیتھے پیسفک کے ہانگ کانگ میں موجود ہیڈ کوارٹر کے ترجمان کے مطابق کمرشل وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہانگ کانگ سے کراچی کی آخر ی پرواز 28 جون کو ہوگی۔

کیتھے پیسفک کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی سروس کے اختتام تک کراچی کے لیے تقریباً 14 پروازیں چلائی جائیں گی۔

بیان کے مطابق ایسا صرف رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مسافروں کو مشکلات سے بچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی سے بنکاک اور بنکاک سے کراچی کے لیے آخری فلائٹ 29 جون کو چلائی جائے گی۔

یونس سہیل کے مطابق کمپنی مستقبل میں فلائٹ سروس کے حوالے سے پاکستان کی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی۔

کیتھے پیسفک اس وقت کراچی سے بیرون ملک ہفتے میں تقریباً چار پروازیں چلاتی ہے۔

گذشتہ ہفتے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں دس حملہ آوروں سمیت 30 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ایئر لائن نے کرچی کے لیے اہنی سروس معطل کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں